تحریر{۰۶}
از: اسجد سبحانی ارریاوی
۱۶/ رجب المرجب۱۴۴۶ھ
17 جنوری 2025ء
جمعہ
///////////////////
*سوال؟*
پنجم عربی کی تیاری کیسے کریں؟
`جواب ملاحظہ فرمائیں؛`
ہر کتاب کو نصاب تک یاد کرنے کی کوشش کریں، برائے پنجم عربی کل پانچ کتابوں کا امتحان ہوتا ہے، نصاب کو خوب اچھی طرح ذہن نشیں کر لیں؛
۱۔ ترجمۂ قرآن از سورہ یوسف تا سورہ ق (یعنی سورہ حجرات مکمل)
۲- دروس البلاغہ مکمل
۳- شرح وقایہ اول، دوم تا کتاب العتاق
۴- اصول الشاشی مکمل
۵- قطبی تا الفصل الثانی فی المختلطات
{۱} پہلا پرچہ؛ ترجمہ قرآن از سورہ یوسف تا سورہ ق مع دروس البلاغہ (یہ موقوف علیہ ہے)
`ترجمہ قرآن` میں؛ "لغات، شانِ نزول، مطلب، خاص طور پر ترکیب اور نحوی و صرفی تحقیق" اچھی طرح یاد کریں، سب سے زیادہ اسی پرچے پر محنت کریں کیونکہ اگر اس میں کامیاب ہوتے ہیں تو اگلے امتحانات ہوں گے ورنہ نہیں۔
﴿۲﴾ *`دروس البلاغہ`*؛ میں اشعار کا ترجمہ، ترکیب و محلِ استشہاد، علاوہ ازیں مندرجہ ذیل اصطلاحات و ابحاث کو خاص طور پر دیکھ لیں: ضعفِ تالیف، تنافر، غرابت، تعقید لفظی و معنوی، ملکہ، حال، مقتضی الحال کی تعریف و توضیح، تمنی ترجی کے مابین فرق، فصاحت اور بلاغت کی اقسام مع تعریف و وضاحت، اطناب و مساوات، قصر افراد و قصر قلب کی تعریف مع امثال، مسند اور مسند الیہ کے مواضعِ حذف و ذکر، انشاء و خبر کی تعریف، استعارہ و مجاز مرسل کی تعریفات مع امثلہ۔۔۔۔
(۳) *`شرح وقایہ`* دونوں جلدوں کا امتحان ہوتا ہے، جلد ثانی سے سوال لازم ہوتا ہے، اس لیے جلد ثانی کے شروعاتی صفحات خوب اچھی طرح حل کر لیں، اختلافی مسائل کی نشاندہی کر کے اس کو ذہن نشیں کریں، کتاب الزکوۃ کو ضرور دیکھیں، مندرجہ ذیل امور پر خصوصی توجہ دیں؛ "اغماء، جنون، سکر کی تعریف، قہقہہ اور ضحک کے مابین فرق، کیا نماز تراویح سنت موکدہ ہے؟ ترویحہ کی مقدار کیا ہے؟ باکرہ اور ثیبہ پر ولی کی ولایت اجبار کے سلسلے میں احناف و شوافع کا اختلاف، اقسام طلاق مع تعریفات و احکام"
(۴) *`اصول الشاشی`* میں مصطلحات کی تعریفات یاد کریں، شروع سے 50 صفحات کو اچھی طرح حل کر لیں، اس کے علاوہ اہم اہم مباحث مثلا امر و نہی، عبارت النص و اشارۃ النص والی فصل، قیاس کی تعریف و شرائط وغیرہ، سنت رسول اور اجماع کی تعریفات۔
﴿۵﴾ `قطبی` اس طرح حل کریں:
(الف) اصطلاحات (مثلا دلالت کی قسمیں، کلیات خمسہ، نسب اربعہ، معرفات کی اقسام، قضیہ و اقسام قضیہ کی تعریفات و امثلہ، اشکال اربعہ وغیرہ) یاد کریں، اس کے لیے مشہور رسالہ "المنطق" مصنفہ مولانا رکن الدین، یاد کریں تو بہتر ہے، کیونکہ اس کی تعریفات "شرح تہذیب، قطبی اور سلم" کی تعریفات کا اردو قالب ہے، ورنہ تیسیر المنطق اور آسان منطق وغیرہ ہی یاد کر لیں۔(ب) مخصوص و مشہور مقامات ___مثلاً " قضیہ کی تقسیم میں شیخ اور متاخرین کا کیا اختلاف ہے؟، دلالت کی چھ قسمیں، مفرد کی وحدت و کثرت کے اعتبار سے اقسام، قضیہ محصورہ، شخصیہ، مہملہ، محصلہ وغیرہ کی تعریف، مثال اور وجہ تسمیہ، لزوم ذھنی عرفی و عقلی کی تعریف، نِسب اربعہ کی بحث، انواع متوسطہ، حقائق بسیطہ کا مطلب، نوع حقیقی و نوع اضافی کے درمیان نسبت"___ کو خاص طور پر دیکھ لیں۔
`عمومی گذارشات:`
(١) برائے چہارم عربی تا دورۂ حدیث شریف کے تمام پرچے تحریری ہوتے ہیں، اس لیے تحریر کا صحیح ہونا از حد ضروری ہے، (تحریر میں خوش خطی اور مضمون نگاری دونوں شامل ہے)
(٢) داخلہ امتحان میں عمومًا جواب مختصر لکھا جاتا ہے جبکہ ششماہی اور سالانہ امتحان میں تفصیلی جواب پسندیدہ سمجھا جاتا ہے۔
(٣) اگر آپ حافظ نہیں ہیں تو بہتر یہ ہے کہ ابتدائے رمضان ہی میں بلکہ 15 یا 20 شعبان تک دارالعلوم تشریف لے آئیں اور اگر حافظ ہیں تو کوشش کریں 15 رمضان تک قرآن سنائیں اور 20 رمضان تک دارالعلوم تشریف لے آئیں۔
﴿٤﴾ 20 رمضان تک صرف کتابیں یاد کریں، 20 رمضان کے بعد نوٹ اور پرچے حل کریں، البتہ جس دن جس کتاب کا پرچہ ہو اس دن صرف اسی کتاب کے پرچے اور نوٹ پڑھیں، (نوٹ اور پرچوں کا مشورہ صرف اس لیے ہے تاکہ آپ کو معلوم ہو جائے کہ سوال کس نوعیت کا ہوتا ہے اور جواب کس نوعیت سے لکھا جاتا ہے۔
______________________
از قلم: مولانا اسجد سبحانی صاحب قاسمی، منتظم اعلی:`امام سیبویہ اکیڈمی، دیوبند`